وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مالی سال 27-2026 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے بجٹ دستاویز پر دستخط کر دیے۔
اس سے قبل صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی گئی، جہاں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مالی مسائل اور عالمی حالات کے باوجود کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔
بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چیف سیکریٹری سمیت صوبائی وزرا کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کو اے آئی پر مبنی جدید گورننس ماڈل میں ڈھالنے کے لیے اقدامات جاری، علی ڈار
انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک یونٹ بن کر کام کیا اور بجٹ کی تیاری میں غیر معمولی محنت کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاق کو حصہ دینے کی مد میں بڑی رقم کی ادائیگی کے باعث مالی دباؤ ضرور آیا، تاہم حکومت نے بھرپور کوشش کی کہ اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ مالی مسائل اور عالمی حالات کے باوجود ایسا بجٹ تیار کیا گیا ہے جو عوامی خوشحالی اور ترقی پر مرکوز ہے اور اس میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بلاسود گاڑیاں اور الیکٹرک اسکوٹیز، پنجاب کے بجٹ میں نوجوانوں کو کیا ملنے جا رہا ہے؟
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ کا بنیادی مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح عوام کی توقعات پر پورا اترے گی، انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ امید کا بجٹ ہے اور حکومت اپنے وسائل سے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرے گی، واضح رہے کہ صوبائی وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان آج پنجاب اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔














