نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی20 میچ بھی شکست، پاکستان 1-4 سے سیریز ہار گیا

بدھ 26 مارچ 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور نیوزی لیںڈ کے مابین 5 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کا آخری میچ آج ویلنگٹن ریجنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی اور یوں میزبان ٹیم نے سیریز بھی 1-4 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی طرف سے کپتان سلمان آغا نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے جبکہ شاداب خان نے 28 اور  اوپنر محمد حارث نے 11 اسکور کیا۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے جیمز نشام نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 جواب میں نیوزی لیںڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور محض 38 گیندوں پر 10 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 97 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 2 اوورز میں 6 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ ان کے علاوہ کوئی بولر بھی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کے سامنے اپنے جوہر نہیں دکھا سکا۔

میچ میں 5 وکٹیں لینے والے جیمز نشام کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ٹم سائفرٹ کو سیریز میں 249 رنز بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آج  نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان ٹیم میں 5 تبدیلیاں ہوئیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ڈراپ کیا گیا جبکہ عمیر بن یوسف، عثمان خان، جہانداد خان، سفیان مقیم اور محمد علی کو شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں صرف ایک ہی میچ جیت سکی تھی جبکہ تمام میچ میں میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp