ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا میں آئے روز نئے فیصلے سامنے آرہے ہوتے ہیں، اور اب امریکی صدر نے انتخابی اصلاحات سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، اس حکم کے مطابق اب ووٹنگ کے اندراج کے لیے شہریوں کو اپنی شہریت کا ثبوت پیش کرنا لازم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں ٹرمپ حکم نامہ، پاکستان سے امریکا جانے کے منتظر ہزاروں افغانوں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا
امریکا میں اس سے قبل ووٹر بننے کا طریقہ نہایت آسان تھا، اور کوئی بھی شہری خود تصدیق کے ذریعے ووٹ کے لیے رجسٹرڈ ہو سکتا تھا۔
ٹرمپ کی جانب سے جاری نئے حکمنامے کے مطابق اب شہریوں کو ووٹ درج کرانے کے لیے امریکی پاسپورٹ، پیدائش کا سرٹیفکیٹ یا دیگر سرکاری دستاویزات پیش کرنا ہوں گی، جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ امریکی شہری ہیں۔
امریکی صدر نے حکمنامے میں ہندوستان، برازیل، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممالک انتخابی سیکیورٹی کے سخت اقدامات نافذ کر چکے ہیں، جبکہ امریکا میں انتخابی نظام میں اب بھی کئی کمزوریاں موجود ہیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان اور برازیل نے ووٹنگ سسٹم کو بائیو میٹرک ڈیٹا بیس سے جوڑ دیا ہے، جبکہ امریکا میں اب تک ایسا کوئی جامع نظام موجود نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے جاری حکم نامے میں تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کئی امریکی ریاستیں بغیر پوسٹ مارک کے یا انتخابات کے بعد موصول ہونے والے ووٹوں کو قبول کررہی ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ انتخابات میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے۔
حکم نامے کے تحت ریاستوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ووٹر لسٹوں اور ووٹنگ کے ریکارڈز ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کریں، تاکہ ووٹر لسٹوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جا سکے۔
اس کے علاوہ انتخابی دن کے بعد ووٹ ڈالنے یا گننے کے عمل کو ختم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے، اور ایسے کسی بھی نظام پر پابندی عائد کی گئی ہے جو بیلٹ گنتی کے لیے بارکوڈ یا کیو آر کوڈ پر انحصار کرتا ہو۔ اس حکم نامے میں غیر ملکی شہریوں کے لیے سخت قوانین بھی شامل کیے گئے ہیں، جن کے تحت کوئی بھی غیر ملکی امریکی انتخابات میں چندہ نہیں دے سکے گا اور نہ ہی کسی بھی طرح سے ان انتخابات پر اثرانداز ہو سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں سکولوں کا نظام انتہائی گر چکا، صدر ٹرمپ کا امریکی محکمہ تعلیم بند کرنے کا اعلان
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حکم نامے کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر کی جانب سے جو اقدامات کیے جارہے ہیں ان سے بعض ووٹرز کو رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔














