دنیا کا سب سےاونچا ریلوے پُل مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمالیہ کے پہاڑوں کے عین وسط میں واقع ہے۔
اس پُل کی اونچائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کے نیچے پورا ایفل ٹاور جو 330میٹر لمبا ہے اور10منزلہ عمارت بھی سما سکتی ہے۔
پورا ایفل ٹاور اور 10منزلہ عمارت۔۔۔۔۔۔ جی ہاں ! اس سے پُل کی اونچائی کا اندازہ آپ کو بخوبی ہوجائے گا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں بنایا جانے والا یہ پُل 359میٹر اونچا جبکہ اس کی لمبائی 1.315کلومیٹر ہے۔ یہ ریلوے پُل دریائے چناب پر بنایا گیا ہے۔ اس پل پر کام تیزی سے جاری ہے۔
دنیا کے سب سے اونچے پلُ کا افتتاح رواں سال 13اگست کو کیا گیا تھاجبکہ اس کی تعمیر کی منظوری 2004 میں دی گئی تھی تاہم شدید موسمی حالت کی وجہ سے اس کی تعمیر میں تاخیر ہوئی۔ اس پل کی تعمیر سے مقبوضہ کشمیر کے ایسے علاقے جو سخت موسم سرما میں دوسرے علاقوں سے کٹ جاتے تھے، اب جڑ جائیں گے۔
ٹیکلا نامی سافٹ وئیر کے ذریعے ڈیزائن کیے گئے اس پُل میں اعلیٰ درجے کا اسٹیل استعمال کیا گیا ہے جو منفی 10ڈگری سیلسیس سے 40ڈگری سیلسیس تک کے درجہ حرارت کو برداشت کر سکتا ہے۔
اس پُل کے اب تک متعدد حفاظتی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ جن میں تیز رفتار ہواؤں کا ٹیسٹ، انتہائی درجہ حرارت کا ٹیسٹ، زلزلے کے خطرہ کا ٹیسٹ اور پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے ہائیڈرولوجیکل اثرات کے ٹیسٹ شامل ہیں۔
اس پل کی تعمیر میں مجموعی طور پر تقریباً1400کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔