اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور ججز کے درمیان کیس ٹرانسفر کرنے کے معاملے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس کی جانب سے جاری ایڈمنسٹریٹو آرڈر کے مطابق ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار نے جو کیس سننے سے معذرت کی تھی، وہی کیس اسی بینچ کو سننے کا حکم جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں ججز کا خط بے نتیجہ نکلا، مختلف صوبوں سے 3 ججز کا اسلام آبادہائیکورٹ تبادلہ
قائم مقام چیف جسٹس کے اس آرڈر پر جسٹس بابر ستار نے جسٹس سرفراز ڈوگر کے اختیارات پر سوال اٹھا دیا ہے، اور جوڈیشل آرڈر جاری کرتے ہوئے ڈپٹی رجسٹرار کو ہدایت کی ہے کہ کیس دوبارہ نئے بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے۔
تحریری حکمنامے کے مطابق 14 مارچ کو اس عدالت نے کیس واپس بھیجتے ہوئے کسی دوسرے بینچ کے سامنے مقرر کرنے کو کہا، تاہم ناقابل فہم طور پر غالباً غلطی سے کیس کی فائل دوبارہ اسی عدالت کو بھیج دی گئی ہے۔
جسٹس بابر ستار نے حکمنامے میں کہاکہ جو کیس سننے سے معذرت کی گئی وہ اسی عدالت کو واپس بھیجنا چیف جسٹس آفس یا رجسٹرار کے اسٹاف کی غیردانستہ غلطی ہوگی، چیف جسٹس کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ کہیں یہ کیس اسی عدالت نے سننا ہے یا نہیں۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جب کوئی جج کیس سننے سے معذرت کرلے تو پھر چیف جسٹس آفس یا رجسٹرار آفس کے پاس کوئی گنجائش نہیں رہتی کہ وہ مداخلت کریں۔
یہ بھی پڑھیں ہائیکورٹ ججز کا خط: پی ٹی آئی کا لارجر بینچ کی تشکیل پر اعتراض، فل کورٹ کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہا ہے کہ جب کوئی جج کیس سننے سے معذرت کرلے تو پھر اس کیس کو چیف جسٹس کے پاس بھیجنے کی پریکسٹس رولز کے مطابق نہیں، کیس کو کسی دوسرے بینچ کے پاس بھیجنے کے لیے یہ معاملہ ڈپٹی رجسٹرار کے پاس جانا چاہیے۔