بانی پی ٹی آئی نے کسی کو اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے کوئی ٹاسک نہیں دیا، شیخ وقاص اکرم

جمعرات 3 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کے لیے کسی کو کوئی ٹاسک نہیں دیا۔ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کی بانی سے ملاقات سے متعلق غلط خبریں چل رہی ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے قائل کرنے نہیں گیا تھا، حکومتی پارٹی کو خوش کرنے کے لیے اپنے پاس سے بیانیہ گھڑنا قابلِ مذمت ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے لیے نیم رضامند، علی امین گنڈاپور کو بات آگے بڑھانے کا سگنل

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے بانی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور پارٹی معاملات پر بات ہوئی۔ علی امین پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات رکھیں گے۔

واضح رہے کہ کہ کل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات پر ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اڑھائی گھنٹے طویل ملاقات کا محور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا علاج موجود ہے: بلاول

ذرائع کا کہنا تھا کہ علی امین اور بیرسٹرسیف بانی پی ٹی آئی کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئے، بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کی پیشکش پر نیم رضامندی ظاہر کی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ملاقات میں اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی پر نظرثانی پر بھی بات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے علی امین اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا۔ تاہم مذاکرات میں کسی پیشرفت تک اسے خفیہ رکھنے پر اتفاق ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp