نیوزی لینڈ: خوشدل شاہ شائقین کے نازیبا جملے پر مشتعل، حملہ کرنے کی کوشش

ہفتہ 5 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 43 رنز کی ہزیمت کے ساتھ وائٹ واش کا سامنا بھی کرنا پڑا، اس سے قبل ٹی20 سیریز کا نتیجہ 4-1 رہا تھا۔

مزید پڑھیں: کلین سوئپ: تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 43 رنز سے شکست دیدی

پاکستان کے آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو سیکیورٹی اہلکار نے اس وقت روکا جب وہ کچھ شائقین پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر رکیک جملے کسنے سے باز نہیں آ رہے تھے۔ اس پل کا ایک منظر سوشل میڈیا پر شیئر ہوا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔

واضح رہے کہ خوشدل شاہ آج کے میچ سمیت پہلے دونوں میچوں کے لیے پلئینگ الیون میں شامل نہیں تھے۔ وہ باؤنڈری کے باہر موجود تھے، جب قومی ٹیم کے خلاف جملے کسے گئے اور وہ خود پر قابو نہ رکھتے ہوئے شائقین کی طرف لپکے۔

یہ ذکر بھی ضروری ہے کہ 5 میچز کی ٹی20 سیریز میں خوشدل شاہ نے 4 میچ کھیلے تھے۔ جن کی 4 اننگز میں انہوں نے محض 40 رنز بنائے جبکہ بؤلنگ میں 5 اوورز میں 46 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ سے پہلے ون ڈے میں شکست کا ذمہ دار کون؟ محمد یوسف برس پڑے

پہلے ٹی20 میچ میں انہوں نے 30 گیندوں پر 32 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہو گئے تھے۔ خوشدل شاہ پہلے ٹی20 میں پاکستان کی جانب سے ’ٹاپ اسکورر‘ رہے تھے اگرچہ پوری ٹیم ہی 18.4 اوورز میں صرف 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

دوسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے 2 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہو گئے تھے جبکہ 3 اوورز میں 16 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

تیسرے ٹی20 میچ میں انہوں نے محض ایک اوور پھینکا جس میں 2 چھکوں کے ساتھ 18 رنز دیے۔ یہ سیریز کا واحد میچ تھا جو پاکستان 9 وکٹوں سے جیتا جبکہ میں ختم ہونے میں 24 گیندیں باقی تھیں۔

چوتھے میچ میں بھی خوشدل شاہ نے ایک اوور کرایا جس میں ایک چھکے اور 2 وائٹ بالز کی مدد سے 12 رنز دیے جبکہ بلے بازی میں 7 گیندوں پر 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہی نہیں ہوئے بلکہ پانچویں ٹی20 سے بھی باہر ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: جھوٹی امید نہیں دلاؤں گا، ہمیں بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے، کپتان محمد رضوان

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں بولر سے ٹکرانے پر خوشدل شاہ پر جرمانہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی لیول ٹو کی خلاف ورزی پر خوشدل شاہ کو میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق انہوں نے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کی۔ یہ آرٹیکل کھلاڑی، پلیئر سپورٹ اسٹاف، امپائر، میچ ریفری یا کسی دوسرے شخص (بین الاقوامی میچ کے دوران تماشائی سمیت) کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطے سے متعلق ہے۔

یہ واقعہ پاکستان کی اننگز کے 8ویں اوور کے دوران اس وقت پیش آیا تھا جب خوشدل مخالف ٹیم کے بولر زکریا فولکس سے پیچھے سے بہت زور سے ٹکرا گئے۔ اس عمل کو ’قابل ذکر طاقت کے ساتھ نامناسب جسمانی رابطہ‘ کے طور پر درجہ بند کیا گیا اور اسے لاپرواہی گردانا گیا۔

خوشدل شاہ نے امپائر اور میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کو قبول کرلیا تھا جس کے نتیجے میں باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔ خوشدل کو 24 ماہ کی مدت کے اندر اپنے پہلے جرم کے لیے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں 3 ڈی میرٹ پوائنٹس شامل کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ سیریز: کس پاکستانی بولر نے بیٹنگ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا؟

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی اس ٹائم فریم کے اندر 4 یا اس سے زیادہ ڈی میرٹ پوائنٹس جمع کرتا ہے تو ان پوائنٹس کو معطلی پوائنٹس میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔

 2 معطلی پوائنٹس کی وجہ سے ایک ٹیسٹ میچ، 2 ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) یا دو ٹی 20 بین الاقوامی (ٹی 20 آئی) سے پابندی عائد ہوجاتی ہے جو اس بات پر منحصر ہے کہ کھلاڑی کے لیے پہلے کس قسم کا میچ ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp