پاکستان تحریک اںصاف خیبرپختونخوا میں پائی جانے والی بے چینی واضح اختلافات کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ ایک طرف پارٹی کی سینیئر قیادت کو کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے تو دوسری طرف وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو اپنے لوگوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات میں شدت، علی امین گنڈاپور اور اسد قیصر آمنے سامنے
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رہنما اسد قیصر اور شہرام ترکئی کے بعد اب ایک اور سینیئر رہنما عاطف خان بھی علی امین گنڈا پور کے متنازع انٹرویو کیخلاف بول پڑے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے وزیراعلیٰ کے پی، کے اس متنازع انٹرویو سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان نے ہمارے متعلق کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی خبریں، جنید اکبر کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا
انہوں نے اسد قیصر اور شکیل خان سمیت پارٹی کے دیگر سینیئر رہنماؤں کیخلاف وزیراعلیٰ کی گفتگو کے حوالے سے کہا کہ مجھ سے اختلاف ہے تو صحیح ہے لیکن سینیئر رہنماؤں کے خلاف باتیں نہیں ہونی چاہییں تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے شہرام ترکئی نے بھی امین گنڈا پور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ اپنی توانائیاں امن و امان کی بحالی اور گڈ گورننس پر مرکوز رکھیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک انٹرویو میں بعض پارٹی رہنماؤں سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی۔