پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کی سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل کی مذمت

اتوار 13 اپریل 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کی سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل کی مذمت

پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے سیستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی سفارتخانہ اس بزدلانہ اور سفاک حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، دہشتگردی خطے کے لیے مستقل خطرہ ہے، غدار عناصر بین الاقوامی دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ مل کر خطے کی سکیورٹی اور استحکام کو نشانہ بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ایران کے صوبے سیستان میں فائرنگ، 8 پاکستانی شہری جاں بحق

ایرانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس خطرے کے تدارک کے لیے تمام ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی تمام صورتوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جس میں ہزاروں معصوم انسانی زندگیاں ضائع ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں افغان بارڈر کے قریب مسلح افراد نے ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی جس سے 8 پاکستانی کار مکینکس جاں بحق ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: وزیراعظم شہبازشریف نے سیستان واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کردیا

مقتول پاکستانی سیستان کے علاقے مہرستان میں ورکشاپ میں کام کرتے تھے، جاں بحق پاکستانیوں کا تعلق پنجاب سے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp