وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن ہم یہ فائدہ عوام کو منتقل نہیں کررہے، اس رقم سے بلوچستان میں موٹروے طرز کی نیشنل ہائی وے بنانے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پیٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی لگنے کا امکان
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت پہلے ہی ساڑھے 7 روپے کم کی جاچکی ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، لیکن ہم اس رقم سے بلوچستان کے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مد میں ہونے والی اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز ٹو بھی مکمل کیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی حکومت کے لیے ایک چیلنج تھا، اب اس فیصلے سے معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ سکھر سے حیدر آباد اور پھر کراچی تک موٹروے جدید طرز پر بنے گی اور یہ وفاق خود بنائےگا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں آئی ایم ایف کے مطالبے پر لیوی میں اضافہ، پیٹرول کی قیمتوں میں بڑے ریلیف کی امید دم توڑ گئی
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔