وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے پاک بھارت کشیدہ صورت حال کے تناظر قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں 6 مقامات پر میزائل حملے کیے گئے ہیں، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 5 جہاز مار گرائے جبکہ انڈین بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کردیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکار دشمن بھارت نے پاکستان کے پانچ مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، پاکستانی قوم اور افواج دشمن کو بخوبی جواب دینا جانتے ہیں۔
پاک فوج کی جوابی کارروائی پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ جنگ کا بھرپور جواب دے رہا ہے، پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کی مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔ ہم دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں۔