پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کا کوئی پائلٹ پاکستان کی حراست میں نہیں۔
پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس کوئی بھارتی پائلٹ موجود نہیں۔
یہ بھی پڑھیں افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کی صورت میں قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دکھایا، ترجمان پاک فوج
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستانی فورسز نے بھارت کی ایک خاتون پائلٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش کا اظہار بھارت کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دو مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ پاکستان نے راجوری اور نوشہرہ میں ملٹری بریگیڈ کو تباہ کیا، اس کے علاوہ سورت گڑھ، سرسہ، آسم پور، اونتی پورہ، اودھم پور اور پٹھان کوٹ میں اہداف کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کامیابی سے اُڑی نیٹ ورکس اسٹیشن اور پونچھ ریڈار کو بھی نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں پاک فضائیہ نے بھارتی رافیل مار گرایا، انڈین ایئر مارشل کا ڈھکا چھپا اعتراف
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں محدود صلاحیتوں کا استعمال کیا، جبکہ کچھ کو آئندہ کے لیے چھوڑ دیا گیا۔