گرین بسوں کی خریداری میں تاخیر پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین بسیں جون سے قبل سڑکوں پر لائی جائیں، مزید تاخیر ناقابل برداشت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس میں محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کی جانب سے جاری منصوبوں پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ بلوچستان نے سوئی تا کشمور روڈ منصوبے کا افتتاح کردیا
محکمہ ٹرانسپورٹ کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ تمام محکمے جون سے قبل جاری منصوبے مکمل کریں، سست رفتار منصوبوں کے فنڈز فعال اسکیموں کو منتقل کیے جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے محکمہ کھیل کے 2015 سے نامکمل منصوبوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، منصوبوں میں تاخیر عوام کے لیے مسائل اور اخراجات میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
مزید پڑھیں:کیا عید قربان کے موقع پر بلوچستان میں مویشی نہیں ملیں گے؟
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تیز رفتار اقدامات ناگزیر ہیں، انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایک سال میں گرین بس پروجیکٹ کے لیے 21 بسیں بھی نہ خریدی جاسکیں۔
انہوں نے گرین بسوں کو رواں برس جون سے قبل سڑکوں پر فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں مزید تاخیر ناقابل برداشت ہے، اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات سمیت تمام محکموں کے سیکریٹریز شریک ہوئے۔