لکی مروت اور بنوں سے پولیو کے 2 نئے کیسز رپورٹ، رواں سال مجموعی تعداد 10 ہوگئی

بدھ 21 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں پولیو وائرس کے 2 نئے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے، جس کے بعد رواں سال (2025) کے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق تازہ کیسز خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں سے سامنے آئے ہیں۔

نیشنل ای او سی کے مطابق، لکی مروت کی یونین کونسل بخمل احمد زئی سے تعلق رکھنے والی 26 ماہ کی بچی میں 22 اپریل کو پولیو کی علامات ظاہر ہوئیں، جبکہ بنوں کی یونین کونسل سین ٹنگہ، تحصیل وزیر کے 40 ماہ کے بچے میں یکم مئی کو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل ای او سی نے انکشاف کیا ہے کہ لکی مروت اور بنوں جیسے علاقوں میں پولیو ٹیموں کو رسائی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر انسداد پولیو مہمات متاثر ہوئی ہیں۔ بنوں کی یونین کونسل سین ٹنگہ میں اکتوبر 2023 کے بعد سے کسی قسم کی انسداد پولیو مہم نہیں چلائی جاسکی۔

مزید پڑھیں: اجتماعی کوششوں سے پولیو پر قابو پائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

لکی مروت کی یونین کونسل بخمل احمد زئی میں فروری اور اپریل 2025 کی مہمات کے دوران ویکسین کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی تھی۔ نیشنل ای او سی کے مطابق، رسائی کے ان مسائل کے حل اور مہمات کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

نیشنل ای او سی کے مطابق 26 مئی سے ملک بھر میں تیسری قومی انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے، جس کے دوران 5 سال سے کم عمر کے قریباً 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے والدین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ہر انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ملک سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp