پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما و مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پارٹی نے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت پورے ملک کو جام کردیں گے۔
پشاور میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں شفقت ایاز نے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک، مراد سعید کی روپوشی، صوبائی حکومت اور اپنے محکمے کی کارکردگی پر تفصیلی بات کی۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کو جیل میں بریفنگ اور رہائی کی خبریں، اہم شخصیت نے بڑا دعویٰ کردیا
’ملکی معاشی پہیہ کو جام کریں گے‘
شفقت ایاز نے بتایا کہ اس وقت پارٹی کی اولین ترجیح عمران خان کی رہائی ہے، جس کے لیے دن رات قائدین سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کافی عرصے سے احتجاجی تحریک چلانے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، جسے اب حتمی شکل دے دی گئی ہے اور سب اس کے لیے پُرعزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس بار احتجاج مختلف ہوگا اور پورے ملک کو جام کیا جائے گا۔ طے ہوچکا ہے کہ کہاں کہاں احتجاج کرنا ہے، کون سی شاہراہیں بند کرنی ہیں۔ ’اس بار احتجاج بالکل مختلف ہوگا، ڈی چوک نہیں جائیں گے بلکہ اہم شاہراہیں بند کریں گے۔‘
انہوں نے کہاکہ گلگت سے لے کر بلوچستان اور سندھ تک سب تیار ہیں اور سب باہر نکلیں گے۔ ہم ہر اس روڈ کو بند کریں گے جس سے ملک کے دوسرے حصوں کے لیے سپلائی ہوتی ہے، اور جہاں سے گیس، تیل یا بجلی کی فراہمی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں لوگ کم نکلتے ہیں، لیکن اس بار امید ہے کہ سب باہر نکلیں گے۔ پنجاب میں سختیاں زیادہ ہیں اور قائدین کو مسلسل تنگ کیا جا رہا ہے۔
بلاول کی ملک میں کوئی نہیں سنتا، باہر کون سنے گا؟
وزیراعظم کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کی بہتر سفارت کاری کے ٹاسک پر ان کا کہنا تھا کہ یہ کام عمران خان سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو سندھ میں ناکام ہیں، 80 فیصد لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ’آپ کی اصل اور حقیقی معنوں میں نمائندگی وہ بندہ کر سکتا ہے جس کے ساتھ قوم کھڑی ہو، اور اس وقت 80 فیصد لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ حقیقی یکجہتی گھر سے ہونی چاہیے اور اس یکجہتی کے لیے عمران خان کی رہائی ضروری ہے۔
’علی امین اور جنید اکبر، دونوں خان کی رہائی کے لیے ایک ہیں‘
شفقت ایاز نے جنید اکبر کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا صدر بنانے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہاکہ ان کی ذاتی رائے میں علی امین کو صدر رہنا چاہیے تھا، تاہم حکومتی معمولات اور عمران خان کی رہائی کی تحریک کو ساتھ ساتھ چلانا مشکل ہو گیا تھا، اسی وجہ سے جنید اکبر کو صدارت کی ذمہ داریاں دی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ جنید اکبر کارکنان کو سرگرم کررہے ہیں اور تحریک شروع کرنے کی تیاری میں مصروف ہیں، ان دنوں وہ دن رات کام کررہے ہیں۔
مراد سعید کہاں روپوش ہیں، شفقت ایاز نے کیا بتایا؟
شفقت ایاز جو مراد سعید کے دیرینہ ساتھی بھی ہیں، نے کہاکہ مراد سعید نے قربانیاں دی ہیں اور ان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان پر ظلم ہو رہا ہے اور وہ اس وقت اپنی بیوی، باپ، بھائی اور دیگر گھر والوں سے رابطہ بھی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہاکہ مراد سعید کبھی کہاں، کبھی کہاں روپوش ہوتے ہیں۔ ’میں نے مراد سعید کی ویڈیوز دیکھی ہیں، جو کارکنان کے لیے ریلیز کی گئی تھیں، اس سے لگ رہا ہے کہ ان کا وزن بہت کم ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے کہاکہ مراد سعید آج بھی باہر آ سکتے ہیں، لیکن عمران خان اور پارٹی نے انہیں باہر آنے سے منع کیا ہے۔ نوجوان ان کے پیغام کا انتظار کرتے ہیں اور ان کے پیغام پر عمل بھی کرتے ہیں۔
’محکمہ تعلیم کو پیپر لیس کررہے ہیں‘
شفقت ایاز نے بتایا کہ محکمہ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کئی اہم منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں محکمہ تعلیم کو پیپر لیس کرنا بھی شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کو کارڈ اور ٹیبلٹ دیے جائیں گے، جن پر بچے اسکیچ کرکے پڑھائی کر سکیں گے، اور کتابوں اور کاپیوں کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ 40 کروڑ روپے کی لاگت سے اس منصوبے پر کام شروع ہے۔
’سیف سٹی پراجیکٹ، اب جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کیمرے سے ہوگی‘
شفقت ایاز نے بتایا کہ ان کے محکمے کی نگرانی میں پشاور سیف سٹی پراجیکٹ پر عملی کام شروع ہو چکا ہے، جو جلد مکمل ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں پاک بھارت جنگ کے بعد کیا عمران خان کی رہائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں؟
انہوں نے کہاکہ سیف سٹی منصوبے کے تحت پورے شہر میں کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے براہِ راست کنٹرول روم سے نگرانی ہوگی، اور سسٹم میں جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا فیڈ ہوگا، جس سے شہر میں داخلے کی صورت میں ان کی نشاندہی ہو سکے گی۔