جنگ زدہ غزہ کی پٹی میں حاليہ دنوں کے دوران کم از کم 29 بچے اور بزرگ فاقہ کشی اور خوراک کی عدم دستيابی سے وابستہ طبی مسائل کی وجہ سے دار فانی سے کوچ کرگئے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ: غذا جانوروں کا چارہ، بچے مرنے کے لیے باری کے منتظر
فلسطينی وزير صحت ماجد ابو رمضان نے جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردار کيا کہ کھانے پينے کی اشيا کی عدم دستيابی کے سبب غزہ پٹی میں مزید ہزاروں شیر خوار و نومولود اور عمر رسيدہ افراد کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

جب ان سے 14،000 نومولود بچوں کو لاحق خطرات سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی امور کے دفتر کے سربراہ کے حاليہ بيان کے بارے ميں پوچھا گيا، تو ان کا کہنا تھا کہ يہ تعداد حقيقی ہو سکتی ہے بلکہ شايد اصل متاثرين کی تعداد اس سے بھی کہیں زيادہ ہونے کے امکانات ہیں۔
مزید پڑھیے: صیہونی افواج کے ہاتھوں ماری جانے والی 10 سالہ راشا کی وصیت پر من و عن عمل کیوں نہ ہوسکا؟
واضح رہے کہ اسرائيل نے 11 ہفتوں کی مکمل بندش کے بعد گزشتہ روز پہلی مرتبہ امدادی سامان سے لدے چند ٹرکوں کو غزہ پٹی کے علاقے ميں داخلے کی اجازت دی تھی۔ تاہم ماہرين اور فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ يہ امداد غزہ پٹی کی آبادی کی فوری ضروریات سے کہيں کم ہے۔
غزہ پٹی کو امداد کی ترسيل جزوی بحال
فلسطينی حکام نے تصديق کی ہے کہ اسرائيل کی جانب سے امدادی سامان کے چند ٹرکوں کو آگے بڑھنے کی اجازت ديے جانے کے بعد غزہ ميں فوری امداد کے سب سے زیادہ مستحق باشندوں کو جمعرات سے امداد فراہم کی جا سکے گی۔
اسرائيل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بدھ کو 100 ٹرکوں کو غزہ ميں سامان پہنچانے کی اجازت دی گئی جن پر ادويات، طبی ساز و سامان، نومولود بچوں کی غذا اور ديگر امدادی سامان موجود ہے۔ اسرائيل نے مارچ سے غزہ پٹی کو امدادی سامان کی ترسيل مکمل طور پر بند کر رکھی تھی جس کے سبب حاليہ دنوں ميں اسے شديد بين الاقوامی تنقيد اور دباؤ کا سامنا بھی رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ’او وی خوب دیہاڑے سَن‘، خوشیاں لانے والی سردیاں اور بارشیں اب غزہ والوں کے دل کیوں دہلا دیتی ہیں؟
جمعرات کی سہ پہر اقوام متحدہ کی جانب سے تصديق کر دی گئی کہ اسرائيل نے لگ بھگ 200 ٹرکوں کو سرحد سے گزرنے کی اجازت دی، جن ميں سے 90 پر لدا ہوا امدادی سامان اتار ليا گيا اور اب اس کی تقسيم جاری ہے۔