محمکہ موسمیات پاکستان کے سربراہ مہر صاحبزاد خان نے کہا ہے کہ 29، 30 اور 31 مئی کو بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری فضا مستحکم نہیں ہورہی ہے جو اولے اور آندھی کا سبب بن رہا ہے۔ انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ یہ سلسلہ کچھ عرصہ جاری رہے گا۔
مہر صاحبزاد کا کہنا تھا کہ ابھی تک جو اشاریے مل رہے ہیں اس سے لگ رہا ہے کہ مون سون میں بارشیں زیادہ ہوں گی، ہم نے پی ڈی ایم ایز اور این ڈی ایم اے کو اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی کو سمندری طوفان کا خطرہ؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا
دوسری طرف محمکہ موسمیات نے آج پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کردی ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان، کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمالی و جنوب مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ علاقوں میں آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ، کراچی میں 38، اسلام آباد میں 40، پشاور میں 41، کوئٹہ میں 36 اور گلگت میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔