ملک میں گدھوں کی تعداد مزید اضافے کے ساتھ 59 لاکھ 38 ہزار سے بڑھ کر 60 لاکھ47 ہزار ہوگئی، جبکہ دیگر مویشیوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویز میں گدھوں کی تعداد کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق پاکستان میں ایک سال کے دوران گدھوں کی تعداد مزید ایک لاکھ 9 ہزار بڑھ گئی۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی گدھے چائنا بھیجے جائیں گے، مگر کیوں اور کیسے؟
دستاویز کے مطابق ایک سال کے دوران بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ 78 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، اور بھینسیں 4 کروڑ 63 لاکھ 10ہزار سے بڑھ کر 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار ہوگئی ہیں۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ایک سال کے دوران بھیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بھیڑوں کی تعداد میں ایک سال کے دوران 3 لاکھ 88 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ملک میں بھیڑیں 3 کروڑ 27 لاکھ 31 ہزار سے بڑھ کر 3 کروڑ 31 لاکھ 19 ہزار ہوگئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق ملک میں بکریوں کی تعداد 23 لاکھ 58 ہزار اضافے کے ساتھ 8 کروڑ 70 لاکھ 35 ہزارسے بڑھ کر 8 کروڑ93 لاکھ 93 ہزارہوگئی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اونٹوں کی تعداد میں 14 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، ایک سال کے دوران اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ 63 ہزار سے بڑھ کر 11 لاکھ 77 ہزارہوگئی ہے۔
دستاویز کے مطابق ملک میں گھوڑوں اور خچروں کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے۔ ایک سال کے دوران گھوڑوں کی تعداد ایک ہزار اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 83 ہزار اور خچروں کی تعداد 3 ہزار اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 27 ہزار ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں برازیل سے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
دستاویز کے مطابق ایک سال کے دوران مویشیوں کی تعداد میں 21 لاکھ 71 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کے بعد ملک میں مویشیوں کی تعداد 5 کروڑ 75 لاکھ 40 ہزارسے بڑھ کر 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار ہوگئی ہے۔