اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے حج بیت اللہ کے لیے آئے ہوئے مسلم رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی شرکت کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی ظہرانے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں سعودی ولی عہد نے عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت
اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی قیادت کے پاکستان کے حوالے سے واضح موقف پر شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم حرمین الشریفین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ توقع ہے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حج کے لیے آئے مسلم رہنماؤں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں پاکستان سے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔