نیشنل سینٹر فار میٹیورولوجی (این سی ایم) کے ترجمان حسین القحطانی نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کا حج موسم گرما میں آخری حج ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ آئندہ 8 حج کے سیزن موسمِ بہار میں ہوں گے، جس کے بعد 8 حج موسمِ سرما میں ادا کیے جائیں گے۔ پھر حج خزاں میں آئے گا اور تقریباً 25 سال بعد حج ایک بار پھر موسمِ گرما میں آئے گا۔
یہ بھی پڑھیے: بہتر حج انتظامات، گرمی سے متاثرہ عازمین کی تعداد میں 90 فیصد کمی ریکارڈ
این سی ایم کے ترجمان نے بتایا کہ یہ تبدیلی قمری کیلنڈر کے چکر کی وجہ سے ہو رہی ہے، جو آئندہ برسوں میں حجاج کرام کو زیادہ معتدل موسم میں عبادات کی ادائیگی کا موقع فراہم کرے گی۔
دوسری جانب اس سال شدید گرمی کی وجہ سے سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے حج کے دوران عازمین کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان براہِ راست دھوپ سے بچنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی ہیں تاکہ عازمین حج کو ہیٹ اسٹروک سے بچایا جاسکے۔
وزارت صحت نے عازمین کو چھتریوں کے استعمال، زیادہ پانی پینے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے ہونے والی بیماریوں جیسے ہیٹ اسٹروک اور تھکن سے محفوظ رہا جا سکے۔