ایرانی میزائل حملے میں تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کو معمولی نقصان

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے پیر کے روز کہا ہے کہ تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کی عمارت کو ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں معمولی نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی امریکی اہلکار کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

یہ حملہ ایران کی جانب سے پیر کی صبح اسرائیلی شہروں پر میزائلوں کی بارش کے دوران کیا گیا، جو اسرائیل کے ایران کے اندر گہرائی تک فوجی اہداف پر حملے کے جواب میں کیا گیا۔ دونوں ممالک کی جانب سے مزید کارروائیوں کی دھمکیوں نے خطے میں وسیع جنگ کے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔

مختلف میڈیا رپورٹس میں شامل تصاویر میں تل ابیب کے ساحلی علاقے میں تباہ شدہ عمارتیں دکھائی گئیں، جہاں اسرائیلی فوج نے شہریوں کو فوری پناہ لینے کی ہدایت کی تھی۔

امریکی سفیر مائیک ہکابی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کے قریبی علاقے میں ایرانی میزائل گرنے سے عمارت کو جھٹکے سے معمولی نقصان پہنچا، لیکن امریکی عملے کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔”

امریکی سفیر نے مزید کہا کہ مقبوضہ یروشلم میں امریکی سفارتخانہ پیر کے روز بند رہے گا، کیونکہ ’شیلٹر ان پلیس‘ یعنی گھروں یا محفوظ مقامات پر رہنے کے احکامات بدستور نافذ ہیں۔

واضح رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کئی دہائیوں سے دشمنی اور پراکسی جنگیں جاری رہی ہیں، مگر حالیہ اسرائیلی حملے اور ایرانی ردعمل کے بعد تصادم اپنی شدت کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کا ساتھ دیا تو خطے میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، ایران کی امریکا، برطانیہ اور فرانس کو تنبیہ

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے ایران کے فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کیے ہیں، جن میں کئی اعلیٰ کمانڈرز اور جوہری سائنسدان مارے گئے ہیں۔

دوسری جانب ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کے منصوبے سے باز رہنے کی ہدایت کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کریں، تاہم صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کبھی فریقین کو پہلے لڑنے کے لیے چھوڑنا پڑتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp