ایران سے جوہری مذاکرات: یورپی وزرائے خارجہ کا جنیوا میں اجلاس، اہم پیشرفت متوقع

جمعرات 19 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کل بروز جمعہ جنیوا میں ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ جوہری معاملات پر اہم مذاکرات کریں گے، جن کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے پائیدار اور شفاف یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے جرمن سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ مذاکرات جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ اور ایران کے وزیر خارجہ کے درمیان ہوں گے، جن میں ایران پر زور دیا جائے گا کہ وہ یہ تحریری اور واضح ضمانت دے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن اور شہری مقاصد تک محدود رہے گا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مذاکرات جنیوا میں جرمن قونصلیٹ میں منعقد ہوں گے، جہاں یورپی یونین کی اعلیٰ سفارت کار کایا کالاس بھی شریک ہوں گی۔ یہ بات اسرائیلی میڈیا نے بھی اپنی الگ رپورٹ میں کہی ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کیخلاف سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر امریکی فوج کا اہم عہدیدار عہدے سے فارغ

اسرائیلی خبر رساں ادارے دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق، یہ مذاکرات امریکا کی منظوری اور مشاورت سے ہو رہے ہیں، جن کا مقصد ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور سفارتی راستے کو مضبوط بنانا ہے۔

ادھر اسرائیل نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہرایا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت سے مکمل طور پر محروم دیکھنا چاہتا ہے، جبکہ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام فوجی نہیں بلکہ مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ جنیوا میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن اور استحکام کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم اس کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ آیا فریقین اعتماد سازی کے قابل عمل اقدامات پر متفق ہو پاتے ہیں یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp