جنگلی لومڑیوں اور نایاب جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی بانی اور مشہور یوٹیوبر مکائیلا رینز نے خودکشی کر لی۔
یہ اندوہناک خبر ان کے شوہر ایتھن رینز نے 23 جون 2025 کو Save A Fox کے یوٹیوب چینل پر جاری ایک دلگداز ویڈیو پیغام میں دی۔
مکائیلا رینز جنگلی لومڑیوں اور دیگر نایاب جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے دنیا بھر میں معروف تھیں۔ ان کا کام لاکھوں لوگوں کے لیے امید اور محبت کا پیغام تھا۔ تاہم اپنی نجی زندگی میں وہ شدید ذہنی دباؤ، ڈپریشن، آٹزم، اور بارڈر لائن پرسنالٹی ڈس آرڈر جیسے مسائل کا شکار تھیں۔
یہ بھی پڑھیے کپڑے دھونے والے صابن کی مدد سے جانور کو کیسے ریسکیو کیا گیا؟
ایتھن رینز نے اپنی 11 منٹ طویل ویڈیو میں بتایا کہ مکائیلا کئی برسوں سے تھراپی اور مختلف ادویات کے ذریعے علاج کرا رہی تھیں، مگر زندگی کے روزمرہ دباؤ اور جذباتی اتار چڑھاؤ سے نمٹنا ان کے لیے مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا تھا۔
ایتھن نے انکشاف کیا کہ مکائیلا طویل عرصے سے آن لائن ہراسانی کا شکار بھی تھیں۔
’یہ صرف اجنبی افراد ہی نہیں تھے، بلکہ ان کے قریبی حلقے کے کچھ لوگ اور یہاں تک کہ جانوروں کی فلاحی کمیونٹی کے بعض افراد بھی ان کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلا رہے تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ مکائیلا رینز بے حد حساس دل رکھنے والی خاتون تھیں، اور یہ سب ان پر گہرا اثر چھوڑتا رہا۔ وہ برسوں تک درد سہتی رہیں، مگر اس بار وہ لڑائی ہار گئیں۔
یہ بھی پڑھیے لوٹ کے بلی گھر کو آئی، مالکن کی تڑپ نے معصوم جانور کو کتنا پیدل چلایا؟
مکائیلا کے لواحقین میں شوہر ایتھن، بیٹی فریا، اور ان درجنوں جانور شامل ہیں جن کی وہ مینیسوٹا اور فلوریڈا میں دیکھ بھال کرتی تھیں۔
ایتھن رینز نے اعلان کیا کہ وہ مکائیلا کی میراث کو آگے بڑھائیں گے اور Save A Fox کی فلاحی مہم کو جاری رکھیں گے۔
ان کی اچانک موت نے ان کے لاکھوں مداحوں، جانوروں سے محبت کرنے والوں، اور فلاحی کارکنان کو غمزدہ کر دیا ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مکائیلا کے کام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔














