لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کر دی گئی ہے تاہم یہ سہولت پرائیوٹ اسپتالوں میں جاری رہے گی۔
چیف ایگزیکٹیو افسر لاہور نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بند کی جا رہی ہے البتہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا اسپیشل انیشیٹیو موجودہ پالیسی کے مطابق جاری رہے گا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بقایاجات رکھنے والے سرکاری اسپتال 30 جون تک تفصیلات جمع کروا دیں، اس کے بعد اسٹیٹ لائف انشورنس بقایاجات ادا نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام، صحت کارڈ اسکیم میں مفت او پی ڈی سروسز بھی شامل
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب ہیلتھ انسٹیٹیوٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر علی رزاق نے موقف اپنایا ہے کہ حکومت سرکاری اسپتالوں میں پہلے ہی مفت طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے، سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر ہیلتھ کارڈز کے ذریعے آپریشن کے پیسے نہیں لے سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ اب صرف پرائیویٹ اسپتالوں میں استعمال کیا جا سکے گا جہاں مریضوں کو علاج کے لیے 50 فیصد رقم خود ادا کرنی ہوگی۔