پنجابی فلم انڈسٹری کی مقبول سیریز ’سردار جی‘ کی تیسری قسط ’سردار جی 3‘ نے پاکستان میں ریلیز کے پہلے ہی دن دھوم مچا دی۔
یہ بھی پڑھیں:دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر ریلیز، نادیہ خان کا یوٹرن
فلم نے ریلیز کے پہلے دن تقریباً 3.5 کروڑ روپے کی کمائی کر کے پاکستانی باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں کی فہرست میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، یہاں تک کہ سلمان خان کی بلاک بسٹر ’سلطان‘ کو بھی۔
یہ فلم 27 جون کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی گئی، جہاں مداحوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، فلم کی یہ اوپننگ دنیا بھر میں بھی شاندار رہی اور اسے دلجیت دوسانجھ کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ہانیہ عامر کی شرکت اور بھارتی تنازع
فلم کی کامیابی کے باوجود ایک بڑا تنازع اس کے ساتھ جڑا ہوا ہے، فلم میں پاکستان کی اداکارہ ہانیہ عامر کی موجودگی کے باعث بھارت میں اسے ریلیز نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سردار جی 3 کی پابندی کے مطالبے پر دلجیت دوسانجھ نے خاموشی توڑ دی، اہم بیان سامنے آگیا
بھارتی ہندو انتہا پسند حلقوں نے فلم پر سخت تنقید کی اور ہانیہ عامر کے ساتھ دلجیت دوسانجھ کی تصاویر وائرل ہونے پر فلم کی ریلیز روکی گئی۔
فلم کے پروڈیوسرز کے مطابق بھارت میں نمائش نہ ہونے کی وجہ سے انہیں تقریباً 40 فیصد ریونیو کا نقصان ہوا ہے، جو خاص طور پر اس لیے تشویشناک ہے کیونکہ ان کی پچھلی فلم ’جٹ اینڈ جولیٹ 3‘ نے دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔
پاکستانی ناظرین کا زبردست ردعمل
اگرچہ بھارت میں فلم کو روکا گیا، مگر پاکستانی شائقین نے اسے بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا۔ سنیما گھروں میں ’سردار جی 3‘ کے تمام شوز ہاؤس فل جا رہے ہیں اور فلم کو زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
بھارت میں پابندی اور سیاسی تنازعے کے باوجود، ’سردار جی 3‘ نے پاکستانی باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے۔ یہ فلم نہ صرف دلجیت دوسانجھ کی اسٹار پاور کی عکاسی کرتی ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتی ہے کہ پاکستان میں اچھی کہانی، کامیڈی اور تفریح کو ہمیشہ پذیرائی ملتی ہے، چاہے سرحد کے اُس پار کیا ہو رہا ہو۔