اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ کا اصل سبب کیا ہے؟

منگل 1 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں سیاسی استحکام اور عالمی سطح پر حالات بہتر ہونے کے بعد کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے، جہاں 100 انڈیکس 1792 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 27 ہزار 419 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں 1163 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس سے انڈیکس 1 لاکھ 26 ہزار 790 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اسٹاک مارکیٹ نے پہلی بار 1 لاکھ 26 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر کے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط کیا۔

ماہرین کی رائے

اسٹاک مارکیٹ ایکسپرٹ سلمان نقوی نے کہا کہ معاشی اعشاریے جیسے کرنسی کی مضبوطی، سرمایہ کاری میں اضافہ، اور سادہ اکثریت کی حامل حکومت کی تشکیل نے سرمایہ کاروں کو پُراعتماد کیا ہے۔ عالمی سطح پر امن کی فضا اور تیل کی قیمتوں میں کمی نے بھی پاکستان کی معیشت کو تقویت دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے نئے مالی سال کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 100 انڈیکس پہلی بار 27 ہزار کی سطح عبور کرگیا

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ اب بھی قدر کے لحاظ سے سستی ہے، یہی وجہ ہے کہ مقامی و غیرملکی سرمایہ کار مارکیٹ کا رخ کر رہے ہیں۔

خطے میں کشیدگی کم، مارکیٹ بحال

اسٹاک ماہر جبران احمد کے مطابق، ’ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث مارکیٹ پر کچھ منفی اثر ضرور پڑا تھا، لیکن جیسے ہی جنگ کے بادل چھٹے، مارکیٹ نے دوبارہ تیزی کا سفر شروع کر دیا۔‘

یہ بھی پڑھیے اسٹاک مارکیٹ میں تنزلی کے دوران ٹریڈنگ کیوں روک دی جاتی ہے، اور ایسا کب کب ہوا؟

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستانی وفد پیر کو واشنگٹن پہنچ چکا ہے تاکہ امریکا کے ساتھ اہم تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔ اگر یہ مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو اس کا اثر نہ صرف اسٹاک مارکیٹ بلکہ مجموعی معیشت پر مثبت ہوگا۔

کیا آگے مزید بہتری متوقع ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت سمت میں ہیں، اور اگر کوئی غیر متوقع صورتحال نہ پیش آئی، تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp