غزہ میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے جاری اسرائیلی حملوں میں کم از کم 18 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ فلسطینی اطلاعاتی مراکز کے مطابق یہ ہلاکتیں مختلف علاقوں میں بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔ اس سے قبل جمعرات کو بھی 50 سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: حماس غزہ میں جنگ بندی کے لیے کس بات کی ضمانت مانگ رہی ہے؟
دوسری جانب الجزیرہ کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ اسلامی جہاد نے بھی مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کی ضمانت مانگی ہے۔ یہ پیش رفت اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے آئندہ پیر کو واشنگٹن کے دورے سے قبل سامنے آئی ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل 60 روزہ جنگ بندی پر آمادہ، حماس معاہدہ قبول کرے: ٹرمپ
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 21 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 57 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل میں 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے۔