دمشق: شام نے نیا قومی نشان متعارف کرا دیا، آمریت سے انحراف اور عوامی شناخت کی جانب قدم

اتوار 6 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شام نے اپنی قومی بصری شناخت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نئے قومی نشان کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سنہری عقاب کو نئی علامتی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی آمریت کے ماضی سے انکار اور ایک عوامی، متحد اور خدمت گزار ریاست کے تصور کی علامت ہے۔

دمشق میں ہونے والی تقریب میں نیا قومی نشان متعارف کرایا گیا، جس میں عقاب کی پرتشدد ڈھال کو ختم کر دیا گیا ہے، اور اس کی جگہ 3 ستارے دیے گئے ہیں جو ریاست کے اوپر عوام کی بالادستی کی علامت ہیں۔

عقاب کے پروں میں 7، سات پنکھ شامل کیے گئے ہیں، جو شام کے 14 گورنریٹس کی نمائندگی کرتے ہیں، جبکہ دم کے 5 پنکھ ملک کے جغرافیائی خطوں شمال، جنوب، مشرق، مغرب اور مرکز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:شام پر عائد بیشتر امریکی پابندیاں ختم، صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے

حکام کے مطابق نیا نشان شام کی آزادی کے بعد 1945 کے ڈیزائن سے تاریخی تسلسل بھی برقرار رکھتا ہے، اور ساتھ ہی نئے قومی عہد و پیمان کی علامت ہے جو ریاست اور شہری کے درمیان باہمی ذمہ داری اور امیدوں پر مبنی تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔

صدر احمد الشراع نے اس موقع پر کہا کہ یہ تبدیلی عوام سے ابھرنے والی حکومت کی علامت ہے جو عوام کی خدمت کرتی ہے۔ شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اس نئی شناخت کو شام کی نئی سفارتی اور حکومتی حکمت عملی کا حصہ قرار دیا، اور کہا کہ ملک اب ماضی کے ریاستی جبر پر مبنی پہچان کی جگہ تعمیر نو اور عوامی خودمختاری کو اپنا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ نشان شام کی ثقافتی اور تہذیبی وراثت اور مستقبل کے امکانات کا عکاس ہے، اور اسے مکمل طور پر مقامی فنکاروں نے تخلیق کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp