محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کے روز ملک کے بعض بالائی اور شمالی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جبکہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، شمالی بلوچستان اور کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک، تیز ہواؤں اور ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کا موسمی جائزہ
گزشتہ روز پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور سکھر سمیت بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہا، جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 8 ہلاکتیں
ملک بھر میں جاری مون سون بارشیں زندگی کا نظام اب بھی درہم برہم کیے ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سے متعلقہ مختلف حادثات میں مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں سیزن کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔
قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پنجاب اس سیزن میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے، جہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں اور زخمی رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 2، 2 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ سندھ میں 1 شخص جاں بحق ہوا۔













