تھائی لینڈ نے کمبوڈیا کے ساتھ جاری سرحدی جھڑپوں کے خاتمے کے لیے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق، تھائی حکومت کی طرف سے یہ بیان قائم مقام وزیرِاعظم پھمتھم وچھایا چھائی کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے تھائی لینڈ، کمبوڈیا لڑائی نے پاک بھارت تنازع کی یاد دلا دی، جنگ بندی کا خواہاں ہوں، ٹرمپ
پھمتھم وچھایا چھائی نے کہا کہ ’اگر دوسرا فریق سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور جنگ بندی کے لیے حقیقی نیت رکھتا ہو تو ہم بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔‘
امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی کی کوشش
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو بھی کی ہے تاکہ سرحدی کشیدگی کا پُرامن حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی قیادت کو تنبیہ کہی تھی کہ جنگ بندی نہ کی تو سخت تجارتی پابندیاں عائد کروں گا۔
سرحدی جھڑپیں: 30 سے زائد ہلاکتیں
واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز سے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی علاقوں میں شدید جھڑپیں جاری ہیں، جن میں اب تک دونوں جانب سے 30 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سرحدی علاقوں میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا سرحدی تنازع شدت اختیار کر گیا، ایک دوسرے پر فضائی حملے اور راکٹ باری
بین الاقوامی برادری کی جانب سے دونوں ممالک پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں اور بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں۔














