خانیوال پل حادثہ: انکوائری مکمل، 2 ریلوے افسران ملازمت سے برطرف

منگل 2 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خانیوال پل حادثے کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد پاکستان ریلویز نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ انکوائری رپورٹ میں غفلت اور ذمہ داری کے تعین کے بعد یہ فیصلہ وزیر ریلوے کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے حادثے کے فوراً بعد ذمہ داروں کے احتساب کا اعلان کیا تھا۔

ریلوے حکام کے مطابق سابق ڈویژنل انجینئر (ڈی ای این) ملتان عابد رزاق کو سروس سے برطرف کر دیا گیا ہے، جبکہ سابق اسسٹنٹ انجینئر (اے ای این) خانیوال راجا یوسف کو بھی ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ خانیوال پل حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا تھا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے نے ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ عوامی جانوں کے ضیاع پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے خانیوال ریلوے اسٹیشن پر مسافر پُل کا ایک حصہ منہدم، ریلوے ملازم ہلاک

وزیر ریلوے کی ہدایت پر حادثے کی جامع اور تفصیلی انکوائری شروع کی گئی تھی۔ انکوائری رپورٹ میں متعلقہ افسران کی غفلت اور ذمہ داری کا تعین کیا گیا، جس کی بنیاد پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ وزیر ریلوے اپنے زیرو ٹالرنس مؤقف پر قائم رہے اور حادثے سے متعلق کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے۔

وزیر ریلوے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ محکمہ ریلوے میں احتساب کا عمل بلا امتیاز جاری رہے گا اور غفلت، نااہلی یا ذمہ داری سے پہلو تہی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp