ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کی جانب سے سولر پینلز کی کسٹم ویلیو میں کمی کی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ ویلیوایشن رولنگ کے مطابق سولر پینلز کی نئی کسٹم ویلیو 0.08 سے 0.09 ڈالر فی واٹ مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یہ ویلیو 0.11 ڈالر فی واٹ تھی۔
اس فیصلے کے بعد امکان ہے کہ مقامی مارکیٹ میں سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو، جس سے صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ سولر صارفین کو کسٹم ویلیو میں کمی کے بعد کتنا فائدہ ہوگا؟ آئیے جانتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کسٹم ویلیو میں کمی سے درآمدی لاگت کم ہوگی، جس کا براہ راست اثر صارفین تک پہنچنے والی قیمت پر لازمی پڑے گا۔ پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین آفاق علی خان کا کہنا ہے کسٹم ویلیو میں حالیہ کمی بظاہر معمولی نظر آتی ہے، لیکن اس کا اثر درآمدی لاگت پر براہ راست پڑے گا۔ اور اس کمی سے فی واٹ سولر پینل کی قیمت میں 1 سے 2 روپے کی کمی آئے گی۔
مزید پڑھیں: فلیٹس میں رہنے والے لوگ کیسے اور کتنے میں سولر سسٹم لگوا سکتے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ سولر پینلز کی قیمتوں کا بڑا حصہ درآمدی لاگت پر مشتمل ہوتا ہے، اور چونکہ کسٹم ویلیو 0.11 ڈالر فی واٹ سے کم ہو کر 0.08 سے 0.09 ڈالر ہو گئی ہے، اس لیے درآمد کنندگان کو مالی لحاظ سے واضح ریلیف ملے گا۔ تاہم، اس کا فائدہ عام صارف تک تب ہی منتقل ہوگا جب یہ کمی ریٹیل لیول پر قیمتوں میں بھی جھلکے۔

ڈائریکٹر ری نرجی سلیوشنز شرجیل احمد سلہری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس کمی سے فی واٹ سولر پینل کی قیمت میں 2 روپے سے زیادہ کی کمی متوقع نہیں ہے۔ جو ظاہر ہے اتنی بڑی کمی تو نہیں ہے۔ مگر خاص طور پر وہ لوگ جو 5 یا 10 کلو واٹ کے سسٹمز لگوانا چاہتے ہیں، انہیں نمایاں فرق دیکھنے کو ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کسٹم ویلیو کم ہوئی ہے، لیکن مارکیٹ میں قیمتوں پر اثر اس وقت واضح ہوگا جب درآمد کنندگان اور ڈسٹری بیوٹرز اس کمی کو اپنے ریٹ کارڈز میں شامل کریں گے۔












