زیارت بازار بدستور بند: ’یہی حالات رہے تو فاقوں پر مجبور ہو جائیں گے‘

جمعہ 5 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے خوبصورت اور سیاحتی مقام زیارت کا مرکزی بازار گزشتہ 18 دنوں سے مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے مقامی تاجروں اور مزدوروں کا روزگار بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔

روزانہ کی بنیاد پر کمانے اور کھانے والے افراد فاقوں کے قریب پہنچ چکے ہیں جبکہ ہوٹل، میڈیکل اسٹورز اور دکانیں سب بند پڑی ہیں۔

’چولہا ٹھنڈا پڑ گیا ہے‘

31 سالہ محمد صادق پچھلے 7 برس سے زیارت بازار میں پرچون کی دکان چلا رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم روز کما کر روز کھانے والے لوگ ہیں لیکن بازار بند ہونے کی وجہ سے دکان کا شٹر اٹھائے 18 دن ہوچکے جس کے باعث گھر کا راشن ختم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اگر صورتحال یہی رہی تو ہم فاقوں پر مجبور ہوجائیں گے‘۔

محمد صادق جیسے کئی دکاندار اور مزدور موجودہ صورتحال سے شدید متاثر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو خاندان کے افراد کو 2 وقت کی روٹی مہیا کرنا ممکن نہیں رہے گا۔

سیاحت کا مرکز سناٹے کا شکار

گزشتہ 10 برسوں سے سیاحوں کی آمد پر گزر بسر کرنے والے زیارت کے مقامی ریسٹورنٹ مالک نصیب اللہ کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس خالی ہیں، سیاح غائب ہیں اور ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ بازار کبھی زندگی کی علامت تھا لیکن اب ایک ویران، سنّاٹے کا منظر پیش کرتا ہے‘۔

سیاحت زیارت کی معیشت کا سب سے بڑا سہارا ہے لیکن اس وقت یہ علاقہ مکمل طور پر منجمد ہو چکا ہے۔ ہوٹلوں کے کمروں میں ان دنوں مہمان نہیں بلکہ خاموشی بسی ہوئی ہے اور بازار کی گلیوں میں لوگوں کی چہل پہل کی بجائے خوف کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

نو گو ایریا، گرفتاریاں

18 اگست سے زیارت کا مرکزی بازار اور گردونواح کے 54 حساس علاقے انتظامیہ کی جانب سے نو گو ایریا قرار دیے گئے ہیں۔

اس فیصلے کی بنیاد 17 اگست کو خانہ وازہ کے علاقے میں ہونے والی ایک قبائلی جھڑپ ہے جو زمین کے تنازع پر کاکڑ قبیلے کی 2 شاخوں سنرزئی اور سیدزئی کے درمیان ہوئی تھی۔ اس جھڑپ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

خونریزی کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تمام کاروباری سرگرمیوں پر پابندی لگا دی۔

مقامی ذرائع کے مطابق اب تک 30 سے زائد افراد کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لیا جا چکا ہے۔

انتظامیہ کا مؤقف اور مقامی آبادی کی بے بسی

انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ تمام اقدامات امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔ تاہم مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے معاشی قتل کے مترادف ہیں۔

زیارت کے تاجر، ہوٹل مالکان اور محنت کش روز اس امید پر جاگتے ہیں کہ شاید آج بازار کھل جائے لیکن ابھی تک کسی مثبت پیش رفت کی اطلاع نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ٹرمپ کی تقریب میں فائرنگ سے قبل پولیس کے تربیت یافتہ کتے نے حملہ آور کی نشاندہی کی تھی، رپورٹ

پی ایس ایل 11: محمد علی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کویتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال

شہریوں کے دل کھول کر عطیات، کراچی میں عوامی لائبریری بند ہونے سے بچ گئی

امریکا کا نیا دفاعی اقدام، پاکستان سمیت متعدد ممالک کے لیے 488 ملین ڈالر کا ایف 16 ریڈار سپورٹ معاہدہ 

ویڈیو

ٹرمپ کا کانگریس کو خط، ایران کے ساتھ مسلح کشیدگی کے خاتمے کا اعلان

پنجاب حکومت کی ’اپنا کھیت اپنا روزگار‘ اسکیم: لیہ کے بے زمین کسان کیا کہتے ہیں؟

ایندھن کی خریداری میں ہڑبونگ: عوام کی گھبراہٹ کتنی بجا، ملک میں ایندھن کتنا باقی؟

کالم / تجزیہ

صحافت بمقابلہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس: کون جیتے گا؟

امریکی دبدبہ

چندی گڑھ میں لاہوری