انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

بدھ 8 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسدادِ دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

مقدمہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق ہے، جو تھانہ صادق آباد میں علیمہ خان سمیت 10 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ آج ہونے والی سماعت میں دیگر تمام ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، تاہم علیمہ خان حاضر نہ ہوئیں۔

مزید پڑھیں: برطانوی سیکریٹری خارجہ نے عمران خان کو ملک چھوڑنے کی پیشکش کی، علیمہ خان کا انکشاف

ان کی جانب سے وکلا فیصل ملک اور حسنین سنبل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، مگر عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں وکلا نے علیمہ خان کا وکالت نامہ جمع نہیں کرایا، لہٰذا وہ ان کی جانب سے درخواست نہیں دے سکتے۔

مزید پڑھیں: فیصلہ سازی کور کمیٹی کرتی ہے، علیمہ خان یا گنڈاپور کا سیاسی کردار نہیں، لطیف کھوسہ

عدالت نے پراسیکیوٹر کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے استثنیٰ کی درخواست خارج کر دی اور علیمہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp