چند گھنٹوں میں اسلام آباد کے معروف مراکز میں 2 افراد قتل

بدھ 8 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت کے مرکزی تجارتی علاقے بلیو ایریا میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں 1 فرد جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ واقعہ اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج ٹاور کے سامنے، لوفولوجی بیکری کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ایک شخص جس کا نام احسان الٰہی ہے اور وہ وزارت ہاؤسنگ کا ملازم تھا، موقع پر چل بسا جبکہ دوسر شخص شدید زخمی ہوا جسے بروقت اسپتال منتقل کر کے بچا لیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور کرائم سین انویسٹی گیشن یونٹ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد جمع کرنا شروع کر دیے۔ فرانزک ٹیموں نے بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سے قبل گولڑہ کے علاقے میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح افراد نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، واقعہ ڈکیتی کی کوشش نہیں تھا بلکہ مقتول کو پرانی دشمنی کے تحت نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نوجوان کو 2023 کے ایک قتل کیس میں عدالت سے بری کیا گیا تھا اور بظاہر اسی مقدمے کی رنجش پر اسے قتل کیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دونوں واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp