ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
پولیس کے مطابق پولیس ٹریننگ سینٹر پر 7 سے 8 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہو کر اچانک حملہ کیا۔
ایک حملہ آور نے مرکزی دروازے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 2 خوارج ہلاک، ایک گرفتار
دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں اندھا دھند فائرنگ شروع ہوگئی، جس سے فضا گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھی اور مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے اعجاز شہید پولیس لائنز سے اضافی نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ ڈی پی او سجاد احمد خود موقع پر پہنچ کر آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ اسمعیل خان میں تھانے پر حملہ، 3 پولیس اہلکار شہید متعدد زخمی
عینی شاہدین کے مطابق، حملہ آوروں نے چاروں اطراف سے پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کیا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔













