امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے، جو کافی عرصے سے نوبل انعام برائے امن پر نظریں جمائے بیٹھے تھے، ایوارڈ وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچادو کو ملنے کے بعد پہلا ردعمل دے دیا ہے۔
رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماریا کورینا ماچادو نے انہیں فون کر کے نوبل انعام ان کے نام وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ماریا کورینا ماچادو نے نوبیل امن انعام ٹرمپ کے نام منسوب کردیا
ٹرمپ نے کہا کہ نوبل انعام جیتنے والی خاتون نے آج مجھے فون کیا اور کہا کہ میں یہ انعام آپ کے اعزاز میں قبول کر رہی ہوں کیونکہ آپ ہی اس کے اصل حقدار ہیں۔
امریکی صدر نے مزاح میں کہا کہ میں نے ان سے یہ نہیں کہا کہ پھر انعام مجھے دے دو، لیکن میرا خیال ہے کہ وہ شاید ایسا کرتی۔ میں نے اس کی بہت مدد کی ہے، اور مجھے خوشی ہے کیونکہ میں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔

دوسری جانب، ماریا کورینا ماچادو نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے نوبل امن انعام کو وینزویلا کے عوام اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام منسوب کیا۔
یہ بھی پڑھیے: نوبیل انعام سے محرومی پر ڈونلڈ ٹرمپ کی خاموشی، مگر سوشل میڈیا پر طوفان
انہوں نے لکھا کہ یہ اعزاز تمام وینزویلینز کی جدوجہد کی پہچان ہے، جو آزادی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم صدر ٹرمپ، امریکی عوام، لاطینی امریکا کے لوگوں اور دنیا کی جمہوری قوموں کے شکر گزار ہیں جو ہماری جدوجہد میں ساتھ دے رہے ہیں۔
مزید انہوں نے کہا کہ میں یہ انعام وینزویلا کے مظلوم عوام اور صدر ٹرمپ کو ان کی فیصلہ کن حمایت کے اعتراف میں وقف کرتی ہوں۔













