بنگلہ دیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین نے غیرجانبدار تحریک (NAM) کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اتحاد کو فروغ دیتے ہوئے فیصلہ سازی کے عمل میں اصلاحات لائیں تاکہ مشترکہ کمزوریوں کا بہتر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں منعقدہ غیرجانبدار تحریک کے 19ویں وزارتی وسط مدتی اجلاس کے اجلاسِ عام سے خطاب کرتے ہوئے توحید حسین نے کہا کہ گزشتہ سال کی عوامی بغاوت کے بعد بنگلہ دیش کے عوام نے ادارہ جاتی اصلاحات، حقوق کے تحفظ اور احتساب کے فروغ کے عزم کی تجدید کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کو پاکستان اور بھارت سے کیسا تعلق رکھنا چاہیے؟ کارکنوں نے اپنی جماعتوں کو بے نقاب کردیا
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے تاکہ ایک مضبوط اور خوشحال قوم تشکیل دی جا سکے۔
خارجہ مشیر نے کہا کہ غیرجانبدار تحریک کے رکن ممالک کو باہمی بداعتمادی اور تقسیم کی بجائے اتحاد اور ہم آہنگی پر توجہ دینی چاہیے تاکہ تحریک کے بانی اصولوں، مساوات، یکجہتی اور انصاف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم اقوامِ متحدہ میں اصلاحات پر غور کر رہے ہیں، ہمیں این اے ایم کے فیصلہ سازی کے طریقہ کار کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ تحریک کی وحدت کو ازسرِ نو مستحکم کیا جا سکے۔
دوپہر کے اجلاس میں توحید حسین نے فلسطین سے متعلق غیرجانبدار تحریک کی وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی، جس کے بنگلہ دیش بھی رکن ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے مقصد کے لیے بنگلہ دیش کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ سے ساڑھی کی صنعت بحران کا شکار
غزہ میں حالیہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہوں نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا، جس کے تحت مشرقی یروشلم ریاستِ فلسطین کا دارالحکومت ہوگا۔
خارجہ مشیر نے مزید توجہ دلائی کہ بنگلہ دیش طویل عرصے سے لاکھوں روہنگیا مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، جو ایک بھاری انسانی بوجھ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی وطن واپسی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔

اجلاس کے موقع پر توحید حسین نے یوگنڈا کے ساتھ ایک مفاہمتی دستاویز پر بھی دستخط کیے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ خارجہ دفتر مشاورت کا نظام قائم کیا گیا ہے تاکہ دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر بات چیت جاری رکھی جا سکے۔
توحید حسین کی قیادت میں بنگلہ دیش کا وفد غیرجانبدار تحریک کے 19ویں وزارتی وسط مدتی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے، جہاں 16 اکتوبر کو فلسطین پر وزارتی اعلامیہ اور ایک جامع سیاسی اعلامیہ منظور کیے جانے کی توقع ہے۔













