شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خود کش حملے کی کوشش ناکام بنادی، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج نے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ایک دہشتگرد نے بارود سے بھری گاڑی کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی، جس سے زوردار دھماکا ہوا۔
اس کے بعد 3 مزید خوارجی کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں تھے، تاہم فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں تینوں حملہ آور کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیے گئے۔
مزید پڑھیں: افغانستان کی پاکستان میں بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں درجنوں افغان فوجی اور خارجی ہلاک
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں، شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔ ٹنگ کلی (دتہ خیل) کے علاقے میں یہ کارروائی 8 سے 10 روز کی نگرانی کے بعد 16 اکتوبر کو عمل میں لائی گئی، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔
مزید پڑھیں: دیر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ہائی ویلیو ٹارگٹ سمیت 2 خارجی ہلاک
ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران افغان طالبان کے بھیجے گئے 94 خوارج کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ خوارج کے مکمل خاتمے تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔














