چین نے ایک بار پھر ٹیکنالوجی اور تفریحی مظاہروں کی دنیا میں اپنی برتری ثابت کر دی، ہنان صوبے کے شہر لیوئیانگ میں 15 ہزار 947 ڈرونز کے ذریعے ایک شاندار لائٹ شو پیش کیا گیا، جو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا ڈرون ڈسپلے قرار پایا۔
یہ دلکش شو 17ویں لیوئیانگ فائر ورکس کلچرل فیسٹیول کے موقع پر منعقد ہوا، جس میں ہزاروں ڈرونز نے آسمان کو رنگین روشنیوں سے مزین کردیا۔ شو میں قدرتی مناظر، پھولوں کے کھلنے کے دلکش انداز، مچھلیوں کی تیرتی تصاویر اور آتش بازی کی نقالی جیسے مناظر پیش کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں ٹیکنالوجی کا جادو، آسمان میں 5 ہزار ڈرونز کا رقص
ایک متاثرکن لمحے میں ایک لڑکی کی شکل والے ڈرون فگر نے داندیلین کا پھول تھاما ہوا تھا، جس پر چینی شاعری کی دلکش سطریں روشن ہوئیں ’کاش ایسے سال ہوں جو واپس دیکھنے لائق ہوں، اور گزرتے لمحوں کو گہرے جذبے سے چوم لیں۔‘
یہ شو شینزین کی کمپنی ہائی گریٹ انوویشن نے ترتیب دیا، جس میں تمام ڈرونز کو ایک ہی کمپیوٹر سسٹم سے کنٹرول کیا گیا۔ اس سے قبل چین ہی کے شہر چانگچنگ میں 11 ہزار 787 ڈرونز کا لائٹ شو عالمی ریکارڈ رکھتا تھا، جو رواں سال ہی قائم ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں چینی ہتھیاروں کی بڑھتی مانگ کا راز کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق چین کے یہ ڈرون لائٹ شوز اب قومی فخر کی علامت بن چکے ہیں، جو ملک کی ٹیکنالوجی، آرٹ اور ثقافت کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتے ہیں۔
تماشائیوں نے اس مظاہرے کو آسمانی آرٹ گیلری قرار دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے تکنیکی شو آئندہ برسوں میں تفریحی اور تعلیمی پروگراموں میں بھی نمایاں کردار ادا کریں گے۔













