وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ مارکیٹ کمیٹی کے جاری کردہ نرخ نامے اور مارکیٹ میں فروخت ہونے والی قیمتوں میں نمایاں فرق پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فروری میں کن اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں اور کن کی زیادہ؟ اعدادوشمار جاری
اسلام آباد مارکیٹ کمیٹی کے مطابق ٹماٹر کی زیادہ سے زیادہ قیمت 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہےتاہم شہر کے مختلف بازاروں میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔
اسی طرح اعلی میعار کے سیب کی سرکاری قیمت 297 روپے فی کلو ہے مگر مارکیٹ میں یہ 500 سے 450 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔
وی نیوز نے اسلام آباد کی مارکیٹ کا دورہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ پھل اور سبزی مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخ نامے کے مطابق کیوں دستیاب نہیں ہیں؟
پھل فروشوں کے مطابق ان کو منڈی سے ہی یہ اجناس سرکاری نرخ پر نہیں ملتیں۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ جب ہمیں ہی ٹماٹر 170 روپے میں کہیں سے نہیں ملتا تو ہم اسے اسی ریٹ پر کیسے بیچ سکتے ہیں۔
پاکستان کے کسی کونے میں بھی ٹماٹر 170 روپے فی کلو میں دستیاب نہیں ہیں اس وقت منڈی میں بھی ٹماٹروں کا ریٹ 400 روپے فی کلو تک ہے۔
وی نیوز نے اسلام آباد مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ساجد عباسی سے رابطہ کیا کہ اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ کس بنیاد پر ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے؟ جس پر ساجد عباسی نے بتایا کہ ہر شام اسلام آباد مارکیٹ میں نیلامی کے بعد اوسط نرخ نکال کر معمولی منافع کے ساتھ ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے۔
مزید پڑھیے: ماہ رمضان میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں حکومت کتنی کامیاب ہوئی؟
ان نرخوں پر عمل درآمد کرانا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ دورے کر کے دیکھتی ہے کہ کہاں سرکاری نرخ نامے پر عمل نہیں ہو رہا اور مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کو جرمانہ بھی کیا جاتا ہے۔
گزشتہ ہفتے شہریوں کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر صدر کی جانب سے سبزی منڈی کا دورہ کیا گیا۔ دورانِ انسپیکشن مہنگے داموں سبزی و پھل فروخت کرنے اور نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے پر 12 دکانداروں کو حوالات منتقل کر دیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے اتوار بازاروں اور م میں سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ٹیموں نے تمام بازاروں کا دورہ کیا ہے اور جرمانے بھی کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایرانی سرحد کی بندش سے بلوچستان میں ایرانی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خریداری کے وقت ہمیشہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق قیمت ادا کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری شکایت درج کرائیں۔













