کلکٹوریٹ آف کسٹمز اپریزرمنٹ (ویسٹ) کراچی نے بھارتی ساختہ اشیا کی غیر قانونی درآمد کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایف بی آر کے مطابق 24.22 ملین روپے مالیت کی ٹیکسٹائل مشینری کو چین کا ماخذ ظاہر کر کے کلیئر کرانے کی کوشش کی گئی تھی۔
کسٹمز حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کلیئرنس روک دی اور نگرانی کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور آف ڈاک ٹرمینلز پر مزید سخت کر دی۔
ایف بی آر کے مطابق جبل علی سے بھیجی گئی بھارتی ساختہ دوسری کھیپ کی مالیت 16.60 ملین روپے تھی، جس میں ’میڈ اِن انڈیا‘ کے نشانات واضح تھے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کردی
اسی طرح شنیڈر الیکٹرک کے پاور ڈسٹری بیوشن یونٹس (مالیت 3.76 ملین روپے) اور گارنیٹ مش 80 کو بھی غلط ماخذ ظاہر کر کے درآمد کرنے کی کوشش کی گئی۔
ایف بی آر نے واضح کیا کہ ممنوعہ اشیا کی درآمد اور غلط بیانی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
ادارے نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں قومی مفاد اور منصفانہ تجارت کے لیے خطرہ ہیں، اور کسٹمز درآمدی قوانین کے نفاذ کو مزید مؤثر بنائے گا۔














