چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ بااختیار خواتین ہی خود مختار معاشرے کی ضمانت ہیں۔ اس مقصد کے تحت ٹریفک پولیس لاہور نے آبشار سنٹر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جہاں ڈرائیونگ اسکولز سے سکوٹی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں ہیلمٹس تقسیم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ٹریفک پولیس نے ایک دن میں 11 بچوں کو پیشہ ور بھکاریوں کے چنگل سے بچالیا
تقریب میں ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز منصورالحسن سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
تربیت یافتہ خواتین کی تعداد
سی ٹی او لاہور کے مطابق اب تک آبشار سنٹر میں 6 ہزار سے زائد خواتین کو گاڑی اور سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔ یہ اقدام خواتین کی سفری خود مختاری اور محفوظ آمدورفت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹریفک پولیس لاہور ہر لمحہ سرگرم ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ڈرائیونگ اسکولوں میں جدید سیمولیٹرز کے ذریعے تربیت دی جا رہی ہے، تاکہ خواتین ڈرائیورز کو عملی طور پر محفوظ ڈرائیونگ کے تمام اصول سکھائے جا سکیں۔

ڈرائیونگ اسکولوں میں جدید تربیتی نظام
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ ٹریفک پولیس لاہور کے 11 ڈرائیونگ اسکولز سے اب تک ہزاروں طلباء و طالبات تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ ان اسکولوں میں پریکٹیکل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ مکینیکل تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ سیکھنے والے گاڑیوں کے بنیادی نظام کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

شہریوں کے لیے معلومات کی سہولت
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کرنے کے لیے 15 پر کال کریں یا ٹریفک پولیس لاہور کی ویب سائٹ سے داخلے سے متعلق معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس لاہور شہریوں کی تربیت اور حفاظت دونوں کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔














