بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں ایک خوفناک حادثے کے دوران مسافر بس میں آگ لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹرسائیکل تیز رفتار بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ ضلع کرنال کے قریب چنا ٹیکورو گاؤں میں پیش آیا۔
مزید پڑھیں: بھارت: صحافی راجیو پرتاپ کی موت، حادثہ یا منصوبہ بندی کے تحت قتل؟
آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ بس میں سوار متعدد مسافر، جو اُس وقت سو رہے تھے، بس کے اندر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
پولیس افسر وکرانت پاٹل کے مطابق، بس میں سوار 44 مسافروں میں سے 18 افراد کھڑکیاں توڑ کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ باقی مسافر بس کے اندر پھنس گئے۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار بھی ہلاک ہو گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، موٹرسائیکل بس کے نیچے پھنس گئی تھی اور رگڑ سے پیدا ہونے والی چنگاریوں نے بس کے فیول ٹینک کو آگ لگا دی۔
مزید پڑھیں: احمد آباد طیارہ حادثہ، بھارتی تاریخ کے بدترین فضائی سانحات میں المناک اضافہ
وزیراعظم نریندر مودی اور آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندر بابو نائیڈو نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
یہ بھارت میں 2 ہفتوں کے دوران بس میں آگ لگنے کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل راجستھان میں ایک مسافر بس میں آگ لگنے سے 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔














