نیویارک کے میئر کے انتخاب میں 33 سالہ ظہران ممدانی نمایاں امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہیں امریکی ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے امید کی نئی کرن قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اس بات کا اشارہ ہے کہ ڈیموکریٹس شہری ووٹرز کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔
ظہران ممدانی نہ صرف اپنی سیاسی مہم بلکہ منفرد اندازِ بیان اور سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کی بدولت بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کبھی ’روٹی، کپڑا اور مکان‘ جیسے عوامی نعرے لگاتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کا معروف ڈائیلاگ ’آج میرے پاس بلڈنگیں ہیں، پراپرٹی ہے، بینک بیلنس ہے، بنگلہ ہے، گاڑی ہے، تمہارے پاس کیا ہے؟‘ دہراتے نظر آتے ہیں، جو نوجوان ووٹرز میں خاص طور پر مقبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک کی میئر شپ: ٹرمپ کو ظہران ممدانی کی جیت کیوں یقینی نظر آنے لگی؟
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ظہران ممدانی کے لیے ایک نیا اردو گیت پیش کیا گیا ہے۔ یہ گیت معروف پاکستانی گلوکارہ سیما جہاں نے گایا ہے جبکہ اس کے بول ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے تحریر کیے ہیں۔
Zohran Mamdani’s Pakistani supporters wrote this lovely Urdu song to back his campaign. “Mamdani mayor banayein ge.” 😍 pic.twitter.com/chKXsarhFh
— Ailia Zehra (@AiliaZehra) October 28, 2025
یہ گیت جیکسن ہائٹس میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی برادری کی خواتین کی جانب سے ایک تقریب میں گایا گیا، جس کے بول تھے ’ممدانی میئر بنائیں گے، ظہران کو ہی لائیں گے‘۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آئے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا، ’ممدانی تمام کمیونٹیز کو قریب لے آئے ہیں‘ جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا، ’میں اس گانے پر ظہران ممدانی کا ردِعمل دیکھنا چاہتا ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں: نیویارک میئر کے لیے نامزد امیدوار ظہران ممدانی نے ’روٹی، کپڑا اور مکان‘ کا نعرہ لگادیا
مصطفیٰ نامی صارف نے کہا کہ ’قدم بڑھاؤ ظہران ممدانی، نیویارک تمہارے ساتھ ہے‘ جبکہ عذرا ممدانی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کے دوست اس گانے کو اپنی رنگ ٹون بنانا چاہتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس گانے اور اس کے عوامی ردِعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ظہران ممدانی جنوبی ایشیائی برادری میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں اور ان کی انتخابی مہم نیویارک کے متنوع ووٹرز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔














