وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت ہونے والے پہلے چالان کو معاف کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر کسی نے دوبارہ خلاف ورزی کی تو اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو آئی جی پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے ذریعے 35 سرکاری گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈی آئی جی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر ای چالان کی زد میں آگئے
رپورٹ کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے، ریڈ سگنل توڑنے، ٹنڈ گلاسز اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر ای چالان کیے گئے۔
بریفنگ کے دوران ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ پولیس کی سرکاری گاڑی ایس پی ای 950 کو سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔ ڈرائیور نے گارڈن اور لیاری ایکسپریس وے پر دو مقامات پر سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی، جس پر ای ٹکٹنگ سسٹم نے خودکار طور پر کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس غلام نبی میمن سے اس پہلے ای چالان کی تفصیلات طلب کیں۔ اس پر آئی جی نے بتایا کہ اگر کسی کا پہلی بار ای چالان ہو تو وہ 10 روز کے اندر رابطہ کرکے فیس کے ساتھ معافی حاصل کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای چالان کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد، کراچی کے شہریوں پر ظلم بند کیا جائے، جماعت اسلامی
مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے پہلے ای چالان کی معافی کی ہدایت دے دی ہے، تاہم جو دوبارہ خلاف ورزی کرے گا، اسے لازمی طور پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے، کیونکہ مہذب معاشرے میں قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے، پولیس بھی اس سے بالاتر نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ پولیس کا جدید ای ٹکٹنگ سسٹم مؤثر ثابت ہو رہا ہے، اور حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ تمام شہریوں کے ساتھ قانون کے مطابق مساوی سلوک کیا جائے۔














