جماعت اسلامی نے کراچی میں ٹریفک حادثات کے خلاف احتجاجی دھرنوں کا اعلان کردیا ہے۔
کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا دیا گیا، دھرنے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات، گورنر سندھ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بڑا مطالبہ کردیا
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور اسٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر پولیس اور صوبائی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار واضح کریں کہ ہیوی ٹریفک کے باعث ہونے والے حادثات پر خاموشی کیوں اختیار کی گئی ہے، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور میئر کراچی عوام کو ان کا جائز حق دینے کے لیے تیار نہیں۔
منعم ظفر نے اعلان کیا کہ حق دو کراچی تحریک کے اگلے مرحلے کا آغاز کیا جا رہا ہے، اور اب ظلم پر مبنی نظام کے خلاف شہر بھر میں احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں 100 سے زائد شہریوں کی ہلاکت کے باوجود ڈمپرز اور ٹرالرز سے متعلق کوئی فیصلہ کیوں نہ ہوسکا؟
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ فیصل، شاہراہ اورنگی اور شاہراہ کورنگی سمیت کراچی کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ ہیوی ٹریفک کو شہری علاقوں کے بجائے متبادل راستوں پر چلنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کی جانیں محفوظ بنائی جا سکیں۔














