وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے زیارات کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں نئی زیارات کمپنیوں کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔
مزید پڑھیں: مقدس مقامات کی زیارت کے لیے نئی ہدایات، 50 سال سے کم عمر مردوں کے لیے پابندیاں
اس موقع پر وفاقی وزیر سردار یوسف نے کہاکہ ایران اور عراق جانے والے زائرین کو بہتر سہولیات، شفاف طریقہ کار اور محفوظ سفر کی فراہمی کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔
تقریب میں مجموعی طور پر 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس دیے گئے۔
سردار محمد یوسف نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور پہلے مرحلے میں 24 زیارات گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن مکمل کر چکی تھی جبکہ اب مزید 67 آرگنائزرز کی رجسٹریشن بھی مکمل ہو گئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جنوری 2026 سے ایران اور عراق کی زیارات نئے نظام کے تحت انجام دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ زیارت گروپ آپریٹرز پہلے سے تجربہ کار ہیں اور زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے باقی رہ جانے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کوائف جلد مکمل کر کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
سردار محمد یوسف نے مزید بتایا کہ ایک فیری کمپنی ’سی کیپرز‘ نے زائرین کو لے جانے کے لیے وزارتِ بحری امور سے لائسنس حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد ایران اور عراق کے زائرین کے لیے بحری سفر کی سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے زائرین کی سہولت کے لیے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ وزارت کے رجسٹرڈ آرگنائزرز کی فہرست وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹرڈ آرگنائزرز میں پنجاب سے 50، خیبر پختونخوا سے 22، سندھ سے 10، اسلام آباد سے 8 اور گلگت سے ایک کمپنی شامل ہے۔
مزید پڑھیں: وزارتِ مذہبی امور نے عراق میں مقدس مقامات کی زیارات کے لیے نئی ہدایات جاری کردیں
وفاقی وزیر مذہبی امور نے بروقت انتظامات کرنے پر شعبہ زیارات کی کارکردگی کو سراہا۔
تقریب میں وفاقی سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمان، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکریٹری زیارات احمد ندیم خان، ڈپٹی سیکریٹری ناصر عزیز خان، رانا محمد مجاہد اور زیارات گروپ آرگنائزرز کمپنیوں کے سربراہان و نمائندے شریک ہوئے۔














