قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 کے مینٹور سرفراز احمد نے فائنل میں فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے انتھک محنت کی، انہیں صرف رہنمائی اور اعتماد دیا گیا اور انہوں نے توقعات کے مطابق بہترین کارکردگی دکھائی۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ یہ کامیابی اللہ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو لمبے لیکچر دینے کے بجائے ان کے اندر موجود ٹیلنٹ پر اعتماد کیا اور نوجوانوں نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے ٹیم کو فائٹر بننے کا پیغام دیا گیا تھا، جس پر کھلاڑیوں نے دبئی میں عمل کر کے دکھایا۔
سرفراز احمد نے دباؤ میں شاندار اننگز کھیلنے پر سمیر منہاس کو سراہتے ہوئے کہاکہ ملتان میں کوچنگ اسٹاف نے ان کے ساتھ خصوصی محنت اور رہنمائی کی۔
سرفراز احمد کے مطابق بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں علی رضا، عبدالسبحان اور صائم نے غیر معمولی محنت سے بولنگ کی، اور یہ فتح اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری نبھائی، جس کی بدولت ٹیم چیمپئن بنی۔ اللہ کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے، نیت اور گمان اچھا ہو تو نتائج بھی مثبت سامنے آتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کی فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج رات پاکستان پہنچے گی، استقبال کی تیاریاں مکمل
فائنل میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کے لیے 348 رنز کا ہدف رکھا، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یہ پاکستان کی دوسری بار انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے کی کامیابی ہے، اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت نے مشترکہ طور پر یہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔














