انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے والی قومی ٹیم کے اعزاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے ہر کھلاڑی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے تقریب کے دوران انڈر 19 چیمپیئن ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور تمام کھلاڑیوں سے فرداً فرداً ملاقات اور مصافحہ کیا۔
انڈر 19 ایشیا کپ میں فتح پر وزیراعظم کا ہر کھلاڑی کے لیے ایک ایک کروڑ روپے جبکہ اسٹاف کیلئے 25 لاکھ انعام کا اعلان pic.twitter.com/c4HNX6yVtW
— WE News (@WENewsPk) December 22, 2025
مزید پڑھیں: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ کے ہیرو سمیر منہاس کو بڑی خوشخبری سنادی
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزرا اور کابینہ کے ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
وزیراعظم نے بھارت کے خلاف شاندار فتح پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اور 24 کروڑ عوام کے دل جیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں جس جذبے اور عزم کے ساتھ ٹیم نے کھیل پیش کیا، وہ قابلِ فخر ہے اور پوری قوم کو اس پر ناز ہے۔
شہباز شریف نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھیں اور امید ظاہر کی کہ یہی ٹیم مستقبل میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان کے نام کرے گی۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی کو ہدایت کی کہ تمام کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور سہولیات کا خصوصی خیال رکھا جائے، جبکہ یہ بھی کہا کہ ان نوجوانوں میں سے کئی مستقبل میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم نے شاندار کھیل پر سمیر منہاس کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے انہیں ٹیم کا ہیرو قرار دیا، جبکہ محسن نقوی کو پی سی بی کے امور مؤثر انداز میں چلانے پر مبارکباد بھی دی۔
تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جس میں وزیراعظم نے کھلاڑیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیم مینجمنٹ کو بھی سراہتے ہوئے ہر ممبر کے لیے 25،25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: کرکٹ میں سپورٹس مین اسپرٹ ضروری ہے، بھارتی ٹیم کا رویہ غیر اخلاقی تھا، سرفراز احمد
ٹیم کے اراکین نے عزت افزائی پر وزیراعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سابق قومی کپتان اور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے کہاکہ وزیراعظم کی جانب سے فی کھلاڑی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرے گا اور یہی کھلاڑی آگے چل کر ملک کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔














